مودی حکومت چین کی جنگی تیاریوں پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے: راہول گاندھی

Dec 17, 2022 | 16:31 PM

ایک نیوز نیوز: انڈین کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہےکہ چین جنگ کی تیاریاں کررہا ہے، لیکن بھارتی حکومت سورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کےمطابق راہول گاندھی، جو کہ آجکل راجستھان میں بھارت جوڑو یاترا پر ہیں، نے یہ بات حال ہی میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھارتی اورچینی فوج کی جھڑپ کے تناظر میں کی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظرمیں وہ جو کچھ سمجھے ہیں، اس کے مطابق چین دراندازی کی نہیں، بلکہ مکمل جنگ کی تیاری کر رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا خطرہ واضح ہے لیکن حکومت اسے سمجھ نہیں پا رہی۔ وفاقی حکومت ہم سے حقائق چھپا رہی ہے، لیکن یہ لمبے وقت کےلئے ایسا نہیں کر سکے گی۔

راہول گاندھی نے کہا '' چین ہماری زمین پر قبضہ کر چکا ہے، ہمارے فوجیوں کو مار رہا ہے۔ چین لداخ اور اورنچل پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، لیکن ہماری حکومت سو رہی ہے''۔

کانگرس راہنما نے وزیرخارجہ ایس جے شنکر پر بھی تنقید کے نشتر چلائے اور کہا کہ انہیں چین کے حوالے سے اپنی معلامات میں اضافے کی ضرورت ہے۔

 دوسری جانب راہول گاندھی کے بیان پر بھارتی حکمران جماعت بی جے پی نے کانگریس رہنما پر فوج کے حوصلے پست کرنے کا الزام عائد کیا۔

بی جے پی ترجمان راج یاوردھن سنگھ نے کہا کہ راہول گاندھی سمجھتے ہیں کہ چین کے ساتھ قریبی تعلق ہونا چاہیے،انہوں نے بہت زیادہ قربت پیدا کی ہے اور وہ جانتے ہیں کہ چین کیا کرے گا۔

بی جے پی ترجمان کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی نے بھارتی بارڈر فورس پر بات کرتے ہوئے ملک میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی اور سپاہیوں کے حوصلے پست کیے، یہ راہول گاندھی کے دادا نہرو کا بھارت نہیں ہے جنہوں نے سوتے ہوئے 37 ہزار سکوائر کلو میٹر سے زیادہ علاقہ چین کو دے دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی کو نیشنل سکیورٹی غیر ضروری بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

مزیدخبریں