فیفا ورلڈ کپ: فائنل سے قبل فرانس کو بڑا دھچکا

Dec 17, 2022 | 13:30 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: قطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل  فرانس کے کھلاڑی بیمار پڑ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 2018 کے ورلڈ کپ کی فاتح فرانس کی ٹیم اتوار کو اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جہاں اُس کا مقابلہ لیونل میسی کی زیر قیادت ارجنٹائن کی ٹیم سے ہے۔ فرانس کے تین کھلاڑی رافیل وَرانے، ابراہیمہ کوناتا اور کنگزلے کومین نے  ٹریننگ سیشن میں بھی بخار کے باعث حصہ نہیں لیا۔فرنچ فٹ بال فیڈریشن کے مطابق اس سے پہلے جمعرات کو کنگزلے کومین نے ’لائٹ وائرل سنڈروم‘ کے باعث ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا تھا۔

فرانس کے کوچ  بھی رافیل وَرانے اور ابراہیمہ کوناتا کی ناساز طبیعت کے حوالے سے خاصی تشویش کا شکار ہیں جبکہ فرانس کے مِڈ فیلڈر اڈرین رابیوٹ کے بیمار ہونے کی خبر بھی آئی ہے۔ فرانس کے کھلاڑی رانڈل کولو ماونی نے  پریس کانفرنس میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی بیماری کے بارے میں کہا کہ ’بس تھوڑا بہت زکام ہے، کوئی تشویش کی بات نہیں۔‘اگر فرانس اتوار کو ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ 60 سال بعد پہلا موقع ہوگا کہ کوئی ٹیم لگاتار دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتے گی۔

اس سے قبل 1958 اور 1962 میں برازیل نے لگاتار نے دو مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتا تھا۔

مزیدخبریں