کراچی ٹیسٹ: انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 354 رنز بنا کر آؤٹ

Dec 17, 2022 | 09:40 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کے 304 رنز کی برتری ختم کرنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 354 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئے۔ 

تفصیلات کے مطابق  304 رنز کی برتری ختم کرنے  کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 354 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہیری بروک نے لڑکھڑاتی انگلش ٹیم کی کمانڈ سنبھالی اور 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 

انگلینڈ کی جانب سے بن فوکس نے 64، اولی پوپ نے 50، مارک ووڈ نے35،بین ڈکٹ اور بین اسٹوکس نے 26، 26  اور روبن سن نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔  پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے 4،4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد وسیم ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ جوڑی اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں 18 رنز پر گر گئی جب عبداللّٰہ شفیق کو جیک لیچ نے 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔کچھ ہی دیر بعد 13ویں اوور میں پاکستان ٹیم کو 46 رنز پر دوسرا نقصان ہوا جب فاسٹ بولر مارک ووڈ نے شان مسعود کو 30 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے 71 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 117 تک پہنچایا تو اس وقت فاسٹ بولر اولی رابنسن نے اظہر علی کو 45 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔دوسرے سیشن میں پاکستان کی چوتھی وکٹ 162 رنز پر گری جب سعود شکیل کو ریحان احمد نے 23 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔ یہ ڈیبیو کرنے والے ریحان کے کیریئر کی پہلی وکٹ تھی۔کپتان بابر اعظم ایک اینڈ پر مضبوطی سے کھڑے رہے اور اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم دیگر بیٹرز کے آؤٹ ہونے کا سلسلہ جاری رہا۔

قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 196 رنز پر گری جب محمد رضوان 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم اب آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم ہی تھے جو 219 کے مجموعے پر 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں آغا سلمان نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر ٹیم کو 300 کے ہندسے تک پہنچایا۔ انہوں نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

ٹیل اینڈرز میں نعمان علی نے 20، محمد وسیم نے 8 اور ابرار احمد نے 4 رنز بنائے۔  پاکستان ٹیم کی اننگز 304 رنز پر اس وقت سمٹ گئی جب ابرار احمد جیک لیچ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں ریحان احمد نے 2 جبکہ اولی رابنسن، مارک ووڈ اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ لی۔انگلینڈ نے بھی پہلے روز تین اوورز کا سامنا کیا جہاں اس نے 7 رنز بنالیے جبکہ ایک وکٹ سے محروم ہوگئے۔ مہمان ٹیم کے زیک کراؤلی بغیر کوئی رن بنائے ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

مزیدخبریں