ایک نیوز نیوز: عمران خان سے زمان پارک میں وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان سمیت کابینہ اراکین نے تفصیلی ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی آزادکشمیر کی قیادت نے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی عیادت کی۔ سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد، وزراء عبدالماجد خان، اکبر ابراہیم، حافظ حامد رضا ، چوہدری مقبول اور اکمل سرگالہ بھی اس ملاقات میں موجود رہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان ہفتے کو عمران خان کی سربراہی میں اپنے وزرا اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ عمران خان کی صدارت میں آزادکشمیر کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حالیہ بلدیاتی الیکشن ، مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویش ناک صورتحال، کشمیریوں کی تکمیل پاکستان کیلئے ہندوستان کے ساتھ جاری جدوجہد سمیت اہم ایشوز زیر بحث آئیں گے۔
وزیر اعظم آزادکشمیر کاکہنا تھا کہ ہماری حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کہ ہم بلدیاتی انتخابات منعقد کرا کے عوام کے سامنے سرخرو ہوئے، بلدیاتی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف نے لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کی، عام الیکشن کے مقابلے میں بلدیاتی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کا مینڈیٹ زیادہ بڑھا ہے۔