پنجاب بھر  میں حالیہ بارشوں کے  پیش نظر پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری  

پنجاب بھر  میں حالیہ بارشوں کے  پیش نظر پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری  
کیپشن: PDMA alert issued in view of recent rains across Punjab

ایک نیوز:پنجاب بھر میں موسلادھار  بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس  کے پیش نظر پی ڈی  ایم نے الرٹ جاری  کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت جاری  کی گئی ہے۔  

پی ڈی ایم اے پنجاب   نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے شہری بارشوں کے سیزن میں غیر ضروری سفر سے گریزکریں، خراب موسم کی صورتحال میں شہری نقل و حمل کو محدود رکھیں،ایمرجنسی کی صورت میں چھتری اور رین کوٹ لازمی اپنے ساتھ رکھیں،گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اچانک ٹرن اور بریک لگانے سے گریز کریں،برقی آلات کو اَن پلگ کر دیں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں ۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے برسات کے موسم میں غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے،احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کسی بھی حادثے سے بچا جا سکتا ہے، عوام الناس سے التماس ہے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں،بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی میں ہر گز نہانے نہ دیں، چھتوں کی صفائی، مرمت اور نکاسیِ آب کو یقینی بنائیں،بوسیدہ مکانات اور مخدوش عمارتوں میں رہائش ہرگز نہ رکھیں، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔ 

 دوسری جانب پنجاب کے تمام دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر جبکہ دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے ،ارسا و محکمہ آبپاشی کے مطابق بھارت کی جانب سے فی الوقت کوئی پانی نہیں چھوڑا  گیا ،آئندہ چند روز میں بھی بھارت کی جانب سے پانی کے بڑے اخراج کا کوئی امکان نہیں ہے،پنجاب کے تمام دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے،دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،ڈیرہ غازی خان رود کوہیوں کی صورتحال بھی نارمل لیول پر ہے۔   

ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ دریائے چناب اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 60 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 38 ہزار کیوسک ہے،خانکی کے مقام پر پانی کی آمد 79 ہزار کیوسک اور اخراج 71 ہزار کیوسک ہے ،قادر آباد میں پانی کی آمد 79 ہزار اور اخراج 61 ہزار کیوسک ہے،تریموں اور پنجند کے مقام پر بھی پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے،دریائے راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے ،منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد، تربیلا میں 99 فیصد ہے،ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح اوسطاً 50 فیصد تک ہے،بھاکڑا ڈیم کی سطح 54 فیصد پونگ کی 53 فیصد اور تھین ڈیم کی سطح 26 فیصد تک ہے۔ 

ارسا و محکمہ آبپاشی کے مطابق بھارت کی جانب سے فی الوقت کوئی پانی نہیں چھوڑا گیا،آئندہ چند روز میں بھی بھارت کی جانب سے پانی کے بڑے اخراج کا کوئی امکان نہیں ہے ،اس حوالے سے میڈیا پر چلنے والی 2 لاکھ ریلے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ 

عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب اور تمام متعلقہ محکمے اس حوالے سے الرٹ ہیں،  ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔