ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منکی پاکس کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منکی پاکس کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس کو ملک میں منکی پاکس کی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ،متاثرہ شخص روزگار کے سلسلہ میں بیرون ملک مقیم تھا اور حال ہی میں پاکستان آیا ،متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمشن نہیں ہے ،عالمی ادارہء صحت کی جانب سے 14 اگست 2024 کو منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جینسی قرار دیا گیا جس کے بعد این سی او سی کی جانب سے نیشنل ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے ، منکی پاکس کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں ،وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں منکی پاکس کے حوالے سے آگہی مہم کا آغاز کر رہی ہیں ۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی منکی پاکس کے حوالے سے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی ،صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان ، حکومت آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ نے بڑے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز اور بستر منکی پاکس کے ممکنہ مریضوں کے لئے مختص کیے ہیں ،تمام وفاقی اکائیاں منکی پاکس کے حوالے سے پیشگی اقدامات اٹھا رہی ہیں ۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا عالمی ادارہء صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جنسی قرار دیا گیا ہے،جس کے بعد پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے ۔
وزیراعظم کی ملک کے ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کی نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی ، بارڈر ہیلتھ سروسز کو صورتحال کی بھرپور نگرانی اور سخت سرویلنس ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور اس حوالے سے روانہ جائزہ لینے ، منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
محمد شہباز شریف نے منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں ، حکومت گلگت بلتستان اور حکومت آزاد جموں و کشمیر سے روابط بہتر بنانے اور منکی پاکس کے حوالے سے مؤثر اور جامع آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے منکی پاکس کی حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔