ایک نیوز: پاکستان میں منکی پاکس کا ابھی تک ایک کیس سامنے آیا ہے ، منکی پاکس کے مریض کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے جو خلیجی ممالک سے آیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز قبل وائرس کی تصدیق کے لئے نمونے قومی ادارہ صحت کو بھجوائے گئے تھے، وزارت کیجانب سے تمام صوبوں کو منکی پاکس کے حوالے سے فوکل پرسنز مقرر کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
ترجمان وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پمز ہسپتال کو منکی پاکس سے نمٹنے کے لیے مختص کیا گیا ہے ،بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام پوائنٹس آف اینٹری پر سخت نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں منکی پاکس کے پھیلاؤ پر وزیر اعظم شہباز شریف نے منکی پاکس سے متعلق اجلاس طلب کرلیا، منکی پاکس سے متعلق اجلاس آج دوپہر وزیر اعظم ہاوس میں شروع ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایم پاکس کی تازہ صورتحال اور مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں وزیر اعظم کو ائیرپورٹس ،بارڈر ،ہسپتالوں میں انتظامات بارے بریفنگ دی جائے گی، ٹیسٹنگ لیبارٹریز ، لیب کٹس و متعلقہ ادویات کی دستبابی اور سکریننگ کے نظام بارے بھی آگاہ کیا جائے گا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز،قومی ادارہ صحت ،این سی اوسی کے حکام شریک ہوں گے ۔
دوسری جانب نواب شاہ کے نواحی گاؤں گلشیر جتوئی میں گیسٹرو وبائی صورتحال اختیار کرگیا، گیسٹرو کے باعث بچی سمیت 2 افراد جاں بحق 20 سے زائد افراد گیسٹرو میں مبتلاء جبکہ 5 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جار ہی ہے۔