ایرانی وزیرخارجہ تاریخی دورہ پر وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے

Aug 17, 2023 | 15:36 PM

ایک نیوز: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اعلٰی سطح وفد کی قیادت کرتے ہوئے تاریخی دورہ پر تہران سے ریاض پہنچ گئے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایرانی وزارت خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی دعوت پر وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار ہونے کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جون میں تہران کا پہلا سرکاری دورہ کیا تھا۔ 

اس دوران سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔

خیال رہے کہ 6 جون کو ایران نے سعودی عرب میں سات سال بعد اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا تھا۔

رواں برس مارچ میں چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت سفارتی تنازع ختم کرنے اور تعلقات کی بحالی پر اتفاق ہوا تھا۔

سال 2016 میں مظاہرین کی جانب سے تہران میں واقع سعودی سفارتخانے پر حملے کے نتیجے میں سعودی عرب نے ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کر دیے تھے۔

مزیدخبریں