ایک نیوز: منڈی بہاؤالدین کے علاقہ چک رائب میں گھریلو تنگدستی پر ماں نے اپنے 3 بچوں کو زہریلی گولیاں پانی کے ساتھ کھلا دیں جن میں سے 2 بچے جاں بحق اور ایک کو بچا لیا گیا ہےجبکہ ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے علاقہ چک رائب کی رہائشی ملزمہ مہوش بی بی زوجہ توقیر احمد نے گھریلو حالات سے تنگ آکر اپنے 3 بچوں جن میں 7 سالہ سفیان احمد، 5 سالہ سبحان احمد اور 10 سالہ محمد اویس کو پانی کے ساتھ گندم میں رکھنے والی گولیاں کھلا دیں۔تینوں بچوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ملکوال لے جایا گیا جہاں محمد اویس کو طبی امداد کے بعد بچا لیا گیا جبکہ سفیان اور سبحان کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منڈی بہاؤالدین منتقل کردیا گیا لیکن وہاں سے بھی انہیں تشویشناک حالت کے باعث لاہور ریفر کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔
پولیس تھانہ ملکوال نے ملزمہ کو گرفتار کر کے لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال ملکوال منتقل کر دیں جبکہ صغیر احمد کی درخواست پر ملزمہ کیخلاف زیردفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔