فرینکفرٹ ائیرپورٹ پر شدید بارشوں کے باعث سیلاب،70 پروازیں منسوخ

Aug 17, 2023 | 14:44 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:جرمنی کے فرینکفرٹ ائیرپورٹ پر شدید بارش اور گرج چمک کے باعث آنے والے سیلاب کی وجہ سے پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابقشدید بارش کے باعث فرینکفرٹ ائیرپورٹ  کو آپریشن روکنا پڑا اور درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ائیرپورٹ پر  پانی بھر جانے کی وجہ سے مسافر طیارے سے اترنے کے بعد اتر نہیں سکے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ائیر پورٹ پر کھڑے طیارے پانی سے بھرے ہوئے ہیں۔خراب موسم کی وجہ سے تقریباً 70 پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا ۔

ایئرپورٹ ترجمان کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ ہینڈلنگ کا کام دو گھنٹے سے زائد وقت تک مکمل طور پر بند رہا اور  آنے والی 20 سے زائد پروازوں کو موسم کی خرابی کی وجہ سے دوسری جگہ لینڈنگ کرنا پڑی، ایک ہزار سے زائد مسافر اس سے متاثر ہوئے۔

17 اگست  تک وسطی، جنوب مشرقی، جنوب مغربی اور مغربی جرمنی کے کئی علاقوں میں گرج چمک سمیت شدید موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ فرینکفرٹ میں مقامی وقت کے مطابق8 بجے سے 11 بجے تک شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ،بعض حصوں میں 60 لیٹر فی مربع میٹر تک بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
مقامی سرکاری نشریاتی ادارے نے رپورٹ کیا کہ ماہرین موسمیات نے ایک گھنٹے کے دوران ہی 25 ہزار سے زیادہ بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کیے ہیں۔گریشیم میں 81 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں جبکہ آفن باخ میں بھی 71 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

مزیدخبریں