روپے کی ناقدری، اغوا کار تاوان بھی ڈالروں میں مانگنے لگے

روپے کی ناقدری، اغوا کار تاوان بھی ڈالروں میں مانگنے لگے
کیپشن: With the currency depreciating, the kidnappers started asking for ransom in dollars as well

ایک نیوز: پشاور میں پولیس نے ارمڑ کے علاقے سے 15 اگست کو ایک مغوی بازیاب کرایا جس کے لیے دو لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

ملک میں ڈالر کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ایسے میں اغواکاروں نے بھی پاکستانی کرنسی کی بجائے ڈالر کی ڈیمانڈ شروع کر دی ہے۔ 

پشاور کی او پی ایف کالونی سے 5 اگست کو ایک نوجوان تفصیر علی کو اُس کے گھر سے اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کاروں نے اگلے روز مغوی کے گھر والوں کو کال کر کے 2 لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ ہوا۔

پولیس نے مسلسل 10روز کی کوشش کے بعد مغوی کو نواحی گاؤں ارمڑ سے بازیاب کیا جہاں اسے ایک خالی گھر کے کمرے میں زنجیروں میں جکڑ کر رکھا گیا تھا۔

ایس پی رورل پشاور ظفر احمد نے اغوا کاروں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کی اور مغوی کو بازیاب کرکے میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ اس کارروائی میں 4 ملزمان بھی گرفتار  کیے گئے۔

اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہری تفصیر علی کو اغوا کرنے کے بعد اسی کے موبائل فون سے گھر والوں کو کال کی گئی۔

ایس پی رورل ظفر احمد نے بتایا کہ اغواکاروں نے 2 لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

’مغوی کے موبائل سے ہونے والے کالز میں بار بار ڈالر میں تاوان مانگا جا رہا تھا، کال ریکارڈ اور میسجز بھی ہمارے پاس موجود ہیں۔‘

ایس پی رورل کے مطابق تین ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے جنھوں نے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید تفتیش سے پتا چلے گا کہ انہوں نے پہلے بھی کوئی واردات کی ہے یا نہیں۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران اغوا کاروں دو نائن ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔