نوازشریف کو آرمی چیف راحیل شریف کو ایکسٹینشن نہ دینے پر ہٹایا گیا، شاہد خاقان

نوازشریف کو آرمی چیف راحیل شریف کو ایکسٹینشن نہ دینے پر ہٹایا گیا، شاہد خاقان
کیپشن: Nawaz Sharif removed for not giving extension to Army Chief Raheel Sharif, Shahid Khaqan

ایک نیوز: سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت آخری بار ختم ہونے کی وجہ سابق آرمی چیف راحیل شریف کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ کرنا تھی۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے راحیل شریف سے توسیع دینے سمیت بہت سے وعدے کیے تاہم ان وعدوں کو وفا نہیں کرسکے۔

گفتگو کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی آخری حکومت جانے کی بڑی وجہ اس وقت کے چیف آف آرمی اسٹاف راحیل شریف کو ایکسٹینشن نہ دینا تھی۔ نواز شریف اس معاملے میں کلیئر تھے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف ایکسٹینشن نہ دینے کے معاملے میں واضح مؤقف رکھتے تھے لیکن وعدے پورے نہ ہونے کے باعث خرابی کا آغاز ہوا۔ پھر ڈان لیکس اور پانامہ لیک آگئے۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مل کر اصلاحات لانی ہوں گی، ٹیکس کے کلچر کو عام کرنا ہوگا، گزشتہ اسپیکر نے اس ایوان میں زبان بندی کی، یہاں پانچ سال میں کوئی ایک قانون بھی عوام کے مفاد کا نہیں بنا۔