جڑواں شہروں میں موسلادھاربارش،گرمی کا زورٹوٹ گیا

جڑواں شہروں میں موسلادھاربارش،گرمی کا زورٹوٹ گیا
کیپشن: جڑواں شہروں میں موسلادھاربارش،گرمی کا زورٹوٹ گیا

ایک نیوز: اسلام آباد اور گردوانواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ راولپنڈی  اور گردوانواح میں  بھی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش  سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا،اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہے گا۔

راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے اور ٹھنڈی ہواؤں اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے،جڑواں شہروں میں سید پور کے مقام پر سب سے زیادہ بارش 56 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

راولپنڈی نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں ریسکیو اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔

ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی پر واسا ہائی الرٹ ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر نے کہا ہے کہ ہیوی مشینری و سٹاف نشیبی علاقوں میں تعینات ہیں۔

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ محمکہ موسمیات کے مطابق اب تک سیدپور 60 ملی میٹر پی ایم ڈی 40 ملی میٹر اور شمس آباد 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ کٹاریاں کے مقام 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ہے۔نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے آپریشن کی ایم ڈی واسا خود نگرانی کر رہے ہیں۔ 

ادھر حسن ابدال میں واہ کینٹ اور گردونواح میں موسلا دھار بارش جاری ہے،موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔حسن ابدال میں بارش کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی بند ہوگئی،جبکہ شہریوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے،منوں نگر،محلہ شہید آباد اور ان سے ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی غائب ہوگئی۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ اوربلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آج سے سمندری ہواؤں کی رفتار میں اضافے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق سمندری ہواؤں کی رفتار 35 سے 45 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جب کہ آئندہ 2 سے 3 روز تک ہوا کے جھونکے 50 سے 55 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک جاسکتے ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا اور ساتھ ہی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔اس کے علاوہ ہلکی پھلکی دھوپ کے ساتھ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسم خوشگوار رہے گا۔