ایک نیوز: چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے جڑانوالہ کا ہنگامی دورہ کیا ، سانحہ توہین رسالتؐ ،قرآن اور بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رینجرز ،پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ جڑانوالہ کا ہنگامی دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب نے شہریوں، امن کمیٹی کے نمائندوں، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران سے ملاقات کی،سانحہ توہین رسالتؐ اور قرآن اور بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم شکیل احمد، پولیس اور انتظامیہ کے سینئر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب نے افسران کو امن و امان قائم رکھنے کیلئےہدایات جاری کیں۔
مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے جلاؤ گھیراؤ کے دوران متاثرہ عمارتوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے مقامی انتظامیہ آر پی او اور سی پی او فیصل آباد کو سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےواقعات میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا، آئی جی پنجاب نےتعینات پولیس افسران کو الرٹ ہو کر ڈیوٹی کی ہدایت کی۔