افتخار احمد کی ایلون مسک سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پابندی لگانے کی درخواست

Aug 17, 2023 | 10:13 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز : قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز افتخار احمد نے خود سے منسوب جھوٹا بیان پھیلانے والے (ٹوئٹر) موجودہ ایکس اکاؤنٹ صارف پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر نواز نامی صارف نے  کرکٹرافتخار احمد کے نام سے منسوب ایک بیان جاری کیا جس میں لکھا تھا کہ 'جب بھی ہمارا بھارت کے خلاف میچ ہوتا ہے ، تو ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم گلی کے بچوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں'۔

افتخار احمد نے اس ٹوئٹ کا لنک اور اسکرین شاٹ شیئر کیا اور اس بیان کی مکمل تردید کی۔قومی کرکٹر نے کہا 'مجھے اس بیان سے آگاہ کیا گیا ہے جو میں نےدیا ہی نہیں، کوئی بھی پیشہ ور کرکٹر ایسا بیان نہیں دے گا'۔

افتخار نے درخواست کی کہ اس قسم کی غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں، ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ نفرت پھیلانے کے سبب اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کیا جائے۔مڈل آرڈر بیٹر نے ایکس اور اس کے مالک ایلون مسک کو بھی ٹیگ کیا اور درخواست کی کہ برائے مہربانی اس اکاؤنٹ پر پابندی لگائی جائے کیونکہ یہ اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ، بلیو ٹک کا غلط استعمال کررہے ہیں۔

دوسری جانب نواز نامی اس اکاؤنٹ سے مذکورہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔

مزیدخبریں