ایک نیوز: پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ویڈیو سے سابق کپتان عمران خان کو نکالے جانے پر تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کو غلطی کا احساس ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کردیا جس میں عمران خان کو شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے14 اگست کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں1952 سے لے کر موجودہ وقت تک کے کرکٹ سے متعلق تاریخی اور یادگار واقعات کے مناظر دکھائے گئے۔
لیکن اس پوری ویڈیو میں1992 میں پاکستان کیلئے واحد کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان ہی غائب تھے جس پر صارفین نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا اور عمران خان کی غیر موجودگی کا گِلہ بھی کیا۔
The PCB has launched a promotional campaign leading up to the CWC 2023. One of the videos was uploaded on 14th August 2023. Due to its length, the video was abridged and some important clips were missing. This has been rectified in the complete version of the video ⤵️ pic.twitter.com/Rz2OBDyI9i
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 16, 2023
اس کے علاوہ شائقین نے پی سی بی کے پہلے پرومو میں ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ویمنز ٹیم کی فتوحات نہ دکھانے پر بھی پی سی بی پر تنقید کی تھی۔
تاہم شائقین کی جانب سے تنقید کے بعد پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کردیا، نئے پرومو میں عمران خان کی ویڈیو اور تصاویر بھی لگادی گئیں۔
نئے پرومو میں عمران خان کو ورلڈکپ ٹرافی اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری نئے پرومو میں پاکستان ویمنز ٹیم کی ایشین گیمز میں جیت کا بھی ذکر شامل ہے جبکہ ندا ڈار کے100 وکٹوں کا ریکارڈ بھی نئی ویڈیو میں شامل کرلیا گیا ہے۔