فیفا ویمنز ورلڈکپ: انگلینڈ آسٹریلیا کو  شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا  

Aug 17, 2023 | 00:19 AM

ایک نیوز:فیفا ویمنز فٹ بال ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے میزبان آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنالی۔

سڈنی میں کھیلےگئے دوسرے سیمی فائنل میں انگلش ٹیم نے 36 ویں منٹ میں برتری حاصل کی، یہ سبقت ایلا ٹونی نے دلائی جنہوں نے عمدہ اسٹرائیک سے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی۔

وقفے پر مقابلہ ایک صفر سے انگلینڈ کے حق میں تھا، دوسرے ہاف میں آسٹریلوی کھلاڑیوں نے انگلش ٹیم پر  زبردست حملے کیے، اس کے نتیجے میں اُن کی اسٹار کھلاڑی سیم کیر نے 25 میٹر کے فاصلے سے تیز رفتار کک کے ذریعے گول کرکےمقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔

 71 ویں منٹ میں انگلش کھلاڑی ہیمپ نے ڈیفنس کی غلطی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئےگول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔86 ویں منٹ میں رُوسو نے تیسرا گول کرکے انگلینڈ کی برتری مستحکم اور جیت یقینی بنادی۔

اتوار 20 اگست کو کھیلے جانے والے فائنل میں انگلینڈکا مقابلہ اسپین سے ہوگا، دونوں ٹیمیں پہلی بار ویمنز ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہیں۔

مزیدخبریں