ایک نیوز نیوز: پاکستان اورایران کے درمیان سیلابی صورتحال کے باعث معطل مال بردار ٹرین سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب میں ریلوے ٹریک کو بڑے پیمانے پر نقصان کے باعث سروس گزشتہ تین ہفتوں سے معطل تھی،دالبندین سے تفتان تک ریلوے ٹریک کا 8 کلومیٹر حصہ سیلاب میں بہہ گیا تھا، ٹریک کی مرمت کے بعد دالبندین سے چار ٹرینیں تفتان روانہ کردی گئیں، یک مچھ میں روکی گئی ٹرین کو دالبندین روانہ کردیا گیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مال گاڑیوں کو ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں روکا گیا تھا،انہیں ایرانی شہر زاہدان کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔ تاہم احمدوال کوئٹہ ریلوے اسٹیشن اب بھی مکمل طور پر بند ہے۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق احمدوال پاک ایران ریلوے پل بارش کے پانی میں ڈوب گیا اور ٹریک بری طرح متاثر ہوا۔ ایران سے کوئٹہ آنے والی مال ٹرینوں کو احمدوال ریلوے اسٹیشن کے قریب روکا جائے گا۔ دالبندین اور احمدوال سیکشن کے درمیان بحالی کا کام تاحال جاری ہے۔