پشین میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے3 خواتین اور 2 بچے جاں بحق

Aug 17, 2022 | 09:20 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: بلوچستان کے علاقے پشین میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اس کےعلاوہ مستونگ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی  اور کھڑی فصلیں تباہ  ہوگئیں۔ سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور کچے مکانات گرگئے۔

رپورٹس کے مطابق کانک ڈیم کے اسپل وے سے پانی اوور فلو ہوگیا جس کی وجہ سے  پانی گھروں میں داخل ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و نقصانات کے ازالے کے لیے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے 14 رکنی کمیٹی قائم کردی  ہے۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں ٓج مزید 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 196 ہوگئی تھی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 اموات موسیٰ خیل اور ایک قلعہ عبداللّٰہ میں رپورٹ ہوئی۔ صوبے میں بارشوں سے 19 ہزار 762 مکانات بھی متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 7 ہزار 377 مویشی ہلاک ہوئے۔

 پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں سیلابی ریلوں سے 690 کلو میٹر روڈ اور 18 پل تباہ ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں