محکمہ موسمیات کی کراچی میں آج پھر تیز بارش کی پیشگوئی،ریڈ الرٹ جاری

Aug 17, 2022 | 09:15 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کو صبح سویرے ہی بارش کا آغاز ہوگیا جبکہ شہر میں آج بھی تیز بارش کا امکان ہے اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں باران رحمت برسنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ  گلشن حدید، ائیر پورٹ کےاطراف میں تیز بارش ہورہی ہے۔

اس کے علاوہ گلستان جوہر میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، ملیر الفلاح کے علاقے میں بوندا باندی ہورہی ہے۔

صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ  شہر میں آج بھی تیز بارش ہوگی جبکہ یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

اس کے علاوہ کورنگی کاز وے پر ٹریفک کی روانی پانچویں روز بھی تعطل کا شکار ہے۔

بارش کے باعث اولڈ سٹی ایریا کی مختلف سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی اور کیچڑ ہے، سول ہسپتال آنے والے راستوں پر بھی پانی موجود ہے، ایم اے جناح روڈ پر کے ایم سی آفس کے سامنے اور لائٹ ہاؤس کے قریب بھی پانی ہی پانی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کےمختلف علاقوں میں آج بھی گرج چمک کےساتھ بارش کاامکان ہے۔ کشمیر،سندھ،مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

بالائی وجنوبی پنجاب، جنوبی خیبرپختونخوامیں بھی موسلادھار بارش کاامکان ہے۔

مزیدخبریں