ایک نیوز:وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری کانفرنس کے فیصلوں کی توثیق کردی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 9نکاتی ایجنڈا منظور کرلیاگیا۔ کابینہ نے قومی ادارہ برائے ماڈرن سائنسز کا بل منظور کرلیا، سفیر منظور چودھری کو غیر ملکی ایوارڈ کی منظوری دیدی۔
احتساب عدالتوں کی ری آرگنائزیشن ،وفاقی کابینہ کی فیڈرل ڈرگ انسپکٹر کی تقرری،وزارت سمندر پار پاکستانیز اور وزارت قطر لیبر کے مابین مفاہمت کی یادداشت ،وفاقی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی 5 سالہ پالیسی بھی منظور کر لی گئی۔
وزیرِ اعظم نے ابتدائی گفتگو میں کابینہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی کی دعا کی۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ سعودی ولی عہد کے مشکور ہیں کہ میرے حالیہ دورے کے بعد انکی خصوصی دلچسپی کے تحت سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے وفاقی کابینہ اور متعلقہ حکام کی سعودی وفد کے کامیاب دورے کیلئے کاوشوں کی پزیرائی کی ۔
شہبازشریف کاکہنا تھاکہ سعودی وفد پاکستانی وزراء اور حکام کی تیاری سے متاثر ہوا اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آلسعود نے اس کا برملا اظہار کیا ۔سعودی وفد کے دورے کے نتیجے میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ ہمیں اسی طرح محنت اور لگن سے اس سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانا ہے۔اس حوالے سے نہ تو پرانے طریقہ کار پر چلنے کی گنجائش ہے اور نہ میں اسکی اجازت دونگا۔