ایک نیوز:شارجہ اورابوظبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔2سال کی بارش چندگھنٹوں میں برس گئی۔
تفصیلات کےمطابق نئی ایڈوائزری میں بارش، آسمانی بجلی اور اولے پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یو اے ای میں شدید بارشوں کے باعث سڑکیں ڈوب گئیں۔ مارکیٹس، شاپنگ مالز اور میٹرو اسٹیشنز میں بارش کا پانی داخل ہو گیا۔
شارجہ کی کئی سڑکیں نہروں میں بدل گئیں، عجمان اورالعین میں بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی معطل کردیا۔ دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زاید کے متعدد حصے بند کر نے پڑ گئے۔ شیخ زاید روڈ پر چند کلو میٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔
اس کے علاوہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے پانی جمع ہوگیا جبکہ شدید بارش نے 25 منٹ تک دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند رکھا جس سے آنے جانے والی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
امارات میں تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز اور دفاتر کو ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اماراتی شہروں کے درمیان چلنے والی بس سروس معطل کردی گئی ہے۔
یو اے ای کے محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ آج شام تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے اور ساتھ ہی ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئےعوام کو محتاط ر ہنے کی ہدایت کی ہے۔