ایک نیوز:ممبرقومی اسمبلی رائے حیدر کانام پی این آئی ایل لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پرعدالت نےحکومت سےجواب طلب کرلیا۔
اسلام آبادہائیکورٹ میں فیصل آبادسےرکن قومی اسمبلی رائےحیدرعلی کانام پی این آئی ایل سےنکلوانےکی درخواست پرسماعت ہوئی۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس جاری کر تےہوئے25 اپریل کو جواب طلب کر لیا ۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے عدالت میں موجود ڈپٹی اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کوروسٹرم پر طلب کیااوربرہمی کااظہارکرتےہو ئےکہاکہ کیوں لوگوں کے نام ایسی لسٹوں میں ڈال رہے ہیں؟یہ ساری لسٹیں کون بناتا ہے، پتہ نہیں کون یہ سارے نام ڈال رہا ہے۔ قانون میں ایسی لسٹوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے،
وکیل درخواست گزارشفقت عباس تارڑنےموقف اختیارکیاکہ میرے موکل فیصل آباد سے منتخب ایم این اے ہیں، میرے موکل نے بیرون ملک جانا تھا لیکن ائیرپورٹ پر روک لیا گیا، بتایا گیا کہ نام پی این آئی ایل میں ہونے کی وجہ سے نہیں جا سکتے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نےبتایاکہ پرانے نام تو بہت سے نکل گئے ہیں، باقی دیکھ لیتے ہیں کون سے رہ گئے ہیں۔
چیف جسٹس عامرفاروق نےریمارکس دئیےکہ بہت سے نام نکل گئے تو بہت سے ابھی نہیں بھی نکلے، انکو بھی دیکھیں،کبھی کسی کا پاسپورٹ ضبط کر لیتے ہیں کبھی سٹاپ لسٹ میں نام ڈالتے ہیں، ایسے نہ کریں،25 اپریل کی تاریخ دے رہا ہوں، متعلقہ افسر کو بلائیں اور رپورٹ پیش کریں۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی۔