ایک نیوز: منسوخ شدہ پرائز بانڈز کو نقد کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کو نقد کروانے کا ایک اور موقع فراہم کردیاہے۔ نئی تاریخ کے مطابق 30 جون 2023ء تک یہ بانڈز نقد تبدیل کروائے جاسکتے ہیں۔ اس سے قبل حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ مقرر کی تھی لیکن جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے اسٹیٹ بینک نے آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی ہے ۔
پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں نقد کروانے یا تبادلے کے لیے آپشنز دیے گئے ہیں۔
پہلا ظاہری مالیت پر نقد کرانا، دوسرا ان بانڈز کی 25,000 روپے یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز میں منتقلی کرنا، تیسرا انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنا ہے۔ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023ء تک کیا جا سکتا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کا 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گااور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔