پی ٹی آئی دور میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف،ریکارڈ طلب

Apr 17, 2023 | 14:49 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  پی ٹی آئی دور میں ہونیوالی سنگین مالی بے ضابطگیوں پر چیف سیکریٹری آزادجموں وکشمیر نے سیکریٹری خزانہ آزادکشمیر کو خط لکھ کر تمام حسابات کا ریکارڈ طلب کرلیا ۔

رپورٹ کے مطابق سنگین مالی بے ضابطگیوں پر چیف سیکریٹری آزادجموں وکشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے سیکریٹری خزانہ آزادکشمیر کو لکھے جانیوالے سرکاری مراسلے میں انکشاف ہو ا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں اربوں روپے اضافی بجٹ خرچ کیاگیاہے۔پی ٹی آئی کے دور میں منظور شدہ بجٹ سے پانچ گنا زیادہ خرچ کردیاگیا تھا تو یہ رقوم کیسے جاری ہوئیں؟ کہاں خرچ ہوئیں؟ تمام کھاتے پیش کئے جائیں۔ وزیراعظم سیکریٹریٹ کے لئے 19 کروڑ99 لاکھ روپے کا بجٹ منظور ہوا تھا لیکن محکمہ خزانہ کی اجازت سے 75 کروڑ5 لاکھ روپے کی اضافی سپلیمنٹری بجٹ لے لیاگیا۔

سیکرٹ سروسز فنڈ کے لئے بھاری مقدار میں اضافی رقم خزانے سے لی گئی، خفیہ خدمات کے لئے اصل میں 2 کروڑ روپے کی رقم دی گئی تھی۔ سیکرٹ سروسز فنڈ کی منظور شدہ رقم کے بجائے 60 کروڑ5 لاکھ حاصل کئے گئے اور یہ اضافی رقم تین سہہ ماہیوں میں لی گئی اور سال کی چوتھی سہہ ماہی ابھی شروع ہوئی ہے۔چیف سیکریٹری نے سنگین مالی بے ضابطگیوں سے متعلق مراسلہ 14 اپریل 2023 کو سیکریٹری فنانس اے جے کے کو بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے میرے علم میں آیا ہے کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی مرضی سے بہت بڑے پیمانے پر رقوم جاری کی گئی ہیں۔

یہ صورتحال کبھی بھی میرے علم میں نہیں لائی گئی ہے،آزادجموں وکشمیر حکومت کو درپیش مالی مشکلات کے حوالے سے اجلاس میں بھی یہ معاملہ زیرغور نہیں لایاگیاہے۔ چیف سیکریٹری نے سیکریٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ آزادجموں وکشمیر سے تمام حسابات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

مزیدخبریں