عدالت نے عثمان بزدار کے خلاف تمام کیسز کی تفصیلات طلب کرلی

Apr 17, 2023 | 13:35 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:لاہور ہائی کورٹ نے اینٹی کرپشن کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تمام کیسز کی تفصیلات کل تک فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں عثمان بزدار کے خلاف مقدمات کی تفصیلات حاصل کرنے کی درخواست پر  جسٹس طارق سلیم شیخ نےکیس کی سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پرعثمان بزدار عدالت میں پیش ہوئے۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ اسی نوعیت کا کیس عثمان بزدار پہلے بھی دائر کر چکے ہیں۔ عثمان بزدار کی درخواست پر کیسز کی تفصیلات دی چکی ہیں اس لیے اب عدالت کا وقت ضائع نہیں ہونا چاہیے۔
وکیل  علی اشفاق  نے موقف دیا کہ اینٹی کرپشن ڈی جی خان میں بھی عثمان بزدار کے خلاف مقدمات درج ہیں اور ڈی جی خان سرکل کے علاوہ عثمان بزدار کے خلاف اینٹی کرپشن میں کوئی مقدمہ نہیں ہے۔ 10 انکوائریز کے علاوہ اینٹی کرپشن نے نئے سرے سے نوٹسز بھیجنا شروع کر دیے ہیں، الیکشن ہونے والے ہیں جس کی وجہ سے اینٹی کرپشن کی جانب سے عثمان بزدار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اگر کوئی نیا کیس ہے تو ہمیں اینٹی کرپشن بتا دے ہم متعلقہ عدالت میں پیش ہو جاتے ہیں، پہلے اینٹی کرپشن نے 10 انکوائریز کی رپورٹ جمع کرائی تھی اب کہہ رہے ہیں 12 انکوائریز ہیں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ قتل کیس میں بھی ملزم کو ایف آئی آر دی جاتی ہے تاکہ ملزم اپنا دفاع کر سکے تو کرپشن کے کیس میں آپ ملزم کو شکایت کی کاپی کیوں نہیں دے رہے۔دونوں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اینٹی کرپشن کو عثمان بزدار کے خلاف تمام کیسز کی تفصیلات کل تک فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

مزیدخبریں