ایک نیوز: بانی پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے آئینی ترمیم کا مقصد صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا آئینی عدالت کا قیام اس لیے عمل میں لایا جا رہا ہے کیونکہ یہ سپریم کورٹ سے ڈرے ہوئے،نئی ترامیم سے ملک کا مستقبل تباہ ہو جائے گا ، آئینی ترمیم کا مقصد صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے، حکمرانوں نے عدلیہ کا بیڑا غرق کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا الیکشن فراڈ چھپانے کے لیے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے ،یہ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگر الیکشن کھل گیا تو سب کچھ ریورس ہو جائے گا ،رول آف لاء کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اس سے بڑا ظلم ملک پر نہیں ہو سکتا ،نیب ترامیم میں انہوں نے اپنے اربوں روپے معاف کروا کر اپنی چوری کو تحفظ دیا ،یہ سب کچھ ملکی مفاد کے خلاف ہو رہا ہے ججز کو دھمکیاں،لوگوں کو اغوا کرنا،ایک سیاسی جماعت کو ختم کرنے سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا ،ترمیم لانے والوں کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہیں ،حکومت میں بیٹھے لوگ عدلیہ کو ازاد نہیں دیکھنا چاہتے ،اشرافیہ کا انٹرسٹ اور ملکی مفاد آپس میں متضاد ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کا مزید کہناتھا 6ماہ میں 4ہزار پاکستانی کمپنیاں دبئی میں رجسٹرڈ ہوئیں ،اب ہم قرضے لیکر ملک چلارہے ہیں اسی لئے مہنگائی قابو نہیں آرہی،ان کو تو فرق نہیں پڑنا ان کا پیسہ اور جائیدادیں باہر ہیں،محسن نقوی کی اہلیہ کی 500 ملین ڈالر کی پراپرٹی دبئی لیکس میں سامنے آئی ،عوام کو اپنے حقوق اور عدلیہ کو بچانے کے کئے کھڑا ہونا پڑے گا ،میں ججز اور صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہوں ،یہ قاضی فائز کو دوبارہ لا کر عدلیہ کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ،یہ سمجھتے ہیں ہم اس کے خلاف خاموش رہیں گے ، ہم اس کے خلاف بھرپوراحتجاج کریں گے ،لاہور میں 21 تاریخ کو پرامن جلسہ اور تاریخی احتجاج کریں گے ، یہ ہمارے ملک کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔