ڈہرکی کے مصور کا اپنےگم شدہ فن پارے ایک ڈرامےکے سین میں دیکھے جانےکا دعویٰ 

ڈہرکی کے مصور کا اپنےگم شدہ فن پارے ایک ڈرامےکے سین میں دیکھے جانےکا دعویٰ 
کیپشن: Deharki artist's claim to see his lost artwork in a drama scene

ویب ڈیسک:سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے ایک مصور  نے  اپنے دوگم شدہ   فن پارے  ایک ڈرامے کے سین (منظر) میں دیکھے جانےکا دعویٰ کیا ہے۔

ڈہرکی کے مصور صفدر عرف سیفی سومرو کے مطابق سات سال قبل فن پارے کراچی میں نمائش  کیلئے دیئے  تھے، نمائش ختم ہونےکے بعد انتظامیہ سے فن پارے واپس مانگے تو بتایا گیا کہ فن پارے مل نہیں رہے۔

صفدر کے مطابق انتظامیہ نے بتایا کہ دیگر فنکاروں کے فن پارے بھی اسی طرح گم ہوئے ہیں، مصور سیفی کے مطابق دیگر مصوروں کے فن پارے بھی گم ہونےکا بتایا گیا تھا اس لیے اس وقت رپورٹ درج نہیں کرائی، اب جب گمشدہ فن پارے ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامے کے سین میں دیکھے تو خوشگوار حیرت ہوئی اور دکھ بھی ہوا۔

انہوں نےکہا کہ فن پارے دوبارہ حاصل کرنے  کیلئے قانونی راستہ اختیار کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ 

سوشل میڈیا پر فیریئر ہال سے پینٹنگز چوری ہونے کے متعلق مہم  کے بعد صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ  نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔  

 صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے تحقیقات کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، ڈی جی کلچر اور ڈی جی اینٹیکیوٹیز پر مشتمل کمیٹی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا  کمیٹی معاملے پر تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے۔ 

اس حوالے سے صوبائی وزیرکا کہناتھا  نوجوان آرٹسٹ کی پینٹنگز غائب ہونے کے متعلق سوشل میڈیا سے معلوم ہوا، معاملے پر کمیٹی تشکیل دی ہے جو جامع رپورٹ پیش کرے گی، واقعے کی حقیقت سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی، اگر کسی کی غفلت یا کوتاہی ہوئی تو کارروائی کی جائے گی، نوجوان آرٹسٹ ہمارا سرمایہ ہیں ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔