ویب ڈیسک: وزیر بلدیات بلوچستان سردار سرفرازچاکر ڈومکی انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر سردار سرفراز چاکر ڈومکی کچھ عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، وہ پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔
فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار سرفراز چاکر ڈومکی آج خالق حقیقی سے جاملے، ان کی میت آج کراچی سے لہڑی منتقل کی جائے گی، سرفراز چاکر ڈومکی کی تدفین لہڑی میں آبائی قبرستان میں کی جائےگی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیر بلدیات سردار سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرفراز چاکر ڈومکی ایک زیرک اور معتبر سیاست دان اور قبائلی شخصیت تھے، مرحوم نے بلوچستان کے سیاسی اور قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی موجودہ بلوچستان کابینہ کے متحرک رکن تھے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کی رحلت سے گہرا صدمہ پہنچا، غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
یاد رہے کہ فروری 2024 کے انتخابات میں سردار سرفراز چا کر ڈومکی پی بی 8 سبی سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، ان کے پاس بلدیات اور دیہی ترقی کے قلمدان تھے۔