ایک نیوز: پٹرول قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی نے گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنوں کا اعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پرپٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام کا جینا مزید مشکل بنا دیا، جماعت اسلامی بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے۔ چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر عوامی دھرنے دیں گے ، عوام سے اپیل کرتا ہوں ،کہ اس صورتحال میں خاموش رہنا موت ہے ، موت کا انتظار کرنے کی بجائے گھروں سے نکلیں اور جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔
سراج الحق کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی عوامی حمایت کے ذریعے حکومت کو یہ اضافہ واپس لینے پر مجبور کرے گی۔
اُدھر ایم کیو ایم پاکستان، پیپلزپارٹی نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظلم قرار دے دیا جبکہ پی ٹی آئی نے اضافے کو بھتہ خوری قرار دیا اور اس سلسلے کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کا سونامی آگیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سمیت ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی ٹرانسپورٹرز نے اضافے کا اعلان کردیا۔