لیگی رہنما حنیف عباسی کی پیپلزپارٹی کی کارکردگی پرشدید تنقید

Sep 16, 2023 | 22:52 PM

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ الیکشن لڑیں گے، پیپلز پارٹی کی کارکردگی ہمیشہ صفر بٹا صفر ہی رہی۔

راولپنڈی میں چوہدری تنویر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ  ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر لوگوں کے پاس جانا ہے، ہم کارکردگی کی بات کریں گے، ملک میں ترقی کی بنیاد نواز شریف ہیں۔نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے جا رہے ہیں، 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، راولپنڈی کی قیادت اور کارکن قافلوں کی صورت میں لاہور جائیں گے، اس دن راولپنڈی کو دلہن کی طرح سجائیں گے، نواز شریف کی آمد سے قبل تیاریوں سے متعلق قیادت متحرک ہے۔

 حنیف عباسی کا کہنا تھاکہ  2013 میں ملکی معاشی صورتحال موجودہ صورتحال جیسی ہی تھی، نواز شریف کے دور میں بجلی 11 روپے یونٹ تھا، ہم سے 16 ماہ کا حساب نہ مانگا جائے، نواز شریف کے دور کا موجودہ صورتحال سے تقابل کیا جائے۔

شیخ رشید پر تنقید کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ جو کہتا تھا جیل میرا سسرال، ہتھکڑی زیور ہے، وہ آج کل مل ہی نہیں رہا۔

رہنما مسلم لیگ ن چوہدری تنویر کاکہنا تھاکہ راولپنڈی نے ہمیشہ نواز شریف کے ساتھ محبت کا اظہار کیا ہے، ہم نے پارٹی قائد کو تجویز دی تھی اسلام آباد تشریف لائیں، قیادت نے فیصلہ کیا کہ نواز شریف لاہور لینڈ کریں گے۔میاں نواز شریف نے ہمیشہ ملک کی بات کی ہے، سوچنا ہوگا کون لوگ ہیں جو ہمیشہ ترقی کرتے ملک میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں، نواز شریف کے دور میں پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نعرہ اسلام کا اور اسٹیج گانا بجانے کا لگایا، کہاں گئے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں، گزشتہ الیکشن میں حنیف عباسی کو دھاندلی کرکے ہرایا گیا۔

مزیدخبریں