چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاوّل 18 ستمبر کو ہوگی

Sep 16, 2023 | 20:45 PM

ایک نیوز :چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد کاکہنا ہے کہ ربیع الاوّل 1445 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول 18 ستمبر  ،12 ربیع الاول 29 ستمبر کو ہوگی۔ 

چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم ربیع الاوّل 18 ستمبر کو ہوگی۔ 12 ربیع الاوّل 29 ستمبر کو ہوگی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد  کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے امن کےلیے دعاگو ہیں، گلگت بلتستان کا امن پاکستان کا امن ہے۔ دشمن چاہتا ہے ہم میں دراڑ پیدا کردے، دشمن کی ہر چال کو ہمیں ناکام کرنا ہے۔ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ چاند کی رویت کےلیے زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔

اس سے قبل کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ 

کراچی میں چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی
کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا محکمہ موسمیات کے دفتر میں اجلاس ہوا۔ ڈی جی محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں ربیع الاوّل کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

زونل رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ چاند کی شہادت نہ ملنے پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کردیا ہے۔

 

مزیدخبریں