نیب ترامیم پر عدالتی فیصلہ افسوسناک ہے،شہبازشریف 

نیب ترامیم پر عدالتی فیصلہ افسوسناک ہے،شہبازشریف 
کیپشن: Court decision on NAB amendments is sad, Shahbaz Sharif

ایک نیوز:مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ نیب ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ افسوسناک ہے۔

لندن میں راجہ ریاض کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کاکہنا تھاکہ نیب ترامیم ایک ڈکٹیٹر کاقانون تھا جسے بحال کیاگیا ہے ،تبدیل نہیں کیاگیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے 2مرتبہ آرڈیننس کے ذریعے نیب قانون تبدیل کیا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے حواریوں کو این آر اودینے کیلئے نیب قانون تبدیل کیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ بے بنیاد جھوٹے مقدمات میں نوازشریف کیخلاف فیصلے ہوئے۔متنازع فیصلے آئے ہیں،پارلیمنٹ کے پاس قانون کو مسترد کیاگیا۔پارلیمنٹ کا پاس کردہ قانون جو ابھی معرض وجود میں نہیں آیا مسترد کیاگیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ راجہ ریاض کو مسلم لیگ ن کو خوش آمدید کہا ہے۔راجہ ریاض کی ن لیگ میں شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی۔

شہبازشریف کاکہنا تھاکہ نوازشریف 21اکتوبر کو پاکستان تشریف لارہے ہیں۔نوازشریف نے اپنے مقدمات میں نیب ترامیم کا سہارا نہیں لیاتھا۔پوچھنا چاہتا ہوں صدارتی آرڈیننس کے وقت جسٹس عمر عطا بندیال کہاں تھے۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ اس میں شک نہیں کہ مہنگائی ہے ،غریب آدمی کو پریشانی ہے۔تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں بہت زیادہ بڑھ گئی اور ڈالر روپے کے مقابلے میں 20سے25روپے نیچے آیا اگر ڈالر کی قیمت کم نہ ہوئی ہوتی تو پیٹرول کی قیمت اور زیادہ بڑھ جانی تھی عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت زیادہ ہونے کےباعث پیٹرول کی قیمت بڑھی۔