پاک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب،اسنادتقسیم  

Sep 16, 2023 | 17:41 PM

ایک نیوز :پاک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب،اختتام پر افسران میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  گریجویشن تقریب ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس (ACE) میں منعقد کی گئی۔ائیر مارشل عبدالمعید خان، ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (ائیر ڈیفنس) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔فارغ التحصیل ہونے والےافسران سے خطاب میں مہمان خصوصی کی جانب سے کورس کی اہمیت اور اب انکے کندھوں پر آنے والی نئی مستقبل کی ذمہ داریوں کا احاطہ کیا۔

 ائیر مارشل عبدالمعید خان نے خطاب میں  ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں افسران کی تربیت کے لیئے عصر حاضر کے خطرات کی ایک حقیقت پسندانہ شبیہ پیش کی۔

ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف ائیر ڈیفنس  ائیر مارشل عبدالمعید خان کا کہنا تھاکہ کورس سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران، بطور جنگی کمانڈر، پاک فضائیہ میں ایک اعلیٰ درجے پر فائز  ہوچکے ہیں۔ اس کورس میں شریک افسران کی کامیابی انکی غیر معمولی صلاحیتوں کی نشاندہی کرتی ہے۔  کورس گریجویٹس کو ایک غیر متزلزل عزم کے ساتھ عصرحاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت دی گئی۔ 

    ائیر مارشل عبدالمعید خان کاکہنا تھاکہ قوم آپ کو ملکی دفاع کے ایک ہراول دستے کے طور پر دیکھتی ہے۔ افسران کے لیئے یہ ضروری ہے کہ وہ چوکس، ماحول کے مطابق ڈھلنے اور کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

ائیر مارشل عبدالمعید خان نے ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں  تمام درسگاہوں کی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ تربیت کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  مہمانِ خصوصی کی جانب سے  کورس کے اختتام پر فارغ التحصیل ہونے والے افسران میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق لڑاکا پائلٹس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ائیر اسٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر رانا احسن اشفاق نے حاصل کی۔ کمبیٹ کنٹرولرز میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس ٹرافی سکواڈرن لیڈر جنید احمد نے اپنے نام کی۔ 

مزیدخبریں