ایک نیوز : نیویارک میں سوتھبیز کی جانب سے ایک نیلامی میں شہزادی ڈیانا کا سویٹر، جس میں سفید بھیڑوں کی قطاروں کے درمیان ایک کالی بھیڑ موجود ہے، 1.14 ملین ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔
بولی 31 اگست کو لگی اور نیلامی کے آخری منٹ تک سب سے اوپر کی بولی دو لاکھ ڈالرز سے کم رہی۔
سوتھبیز نے اس سویٹر کی قیمت کا تخمینہ 50 ہزار سے 80 ہزار ڈالرز لگایا تھا۔
یہ سویٹر مارچ میں ایک عمارت کے کمرے میں دریافت ہوا تھا۔ اس کی قیمت شہزادی ڈیانا سے منسلک بہت سی دوسری چیزوں سے زیادہ تھی جو حالیہ برسوں میں نیلامی میں فروخت ہوئیں۔
اس سے پہلے شہزادی ڈیانا کی چیز جو سب سے مہنگی بِکی وہ 2022 میں فروخت ہونے والی ان کی فورڈ ایسکارٹ تھی جس کی 806 ہزار ڈالرز کی بولی لگی تھی۔
جنوری میں شہزادی ڈیانا کے نیلم سے سجے سلیبی لاکٹ کو مشہور ریئلٹی سٹار کم کارڈیشیئن نے 203 ہزار ڈالر دے کر ایک آکشن میں خریدا۔
سویٹر کے ڈیزائن کو اکثر شاہی خاندان میں ڈیانا کے مقام کی علامت کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔
لیکن فیشن کے مورخین کا کہنا ہے کہ 1981 میں جب شہزادی ڈیانا نے یہ سویٹر پہنا تھا تو وہ اس کے ذریعے کوئی پیغام نہیں دے رہی تھیں وہ بس ’سلوین رینجر‘ کے کپڑوں کے انداز کو سپورٹ کر رہی تھیں جسے انھوں نے مقبول کیا۔
سوتھبیز کے مطابق، سوشل میڈیا سے پہلے کے دور میں سویٹر میں ڈیانا کی اخباری تصاویر نے اسے بنانے والے وارم اینڈ ونڈرفل نٹ ویئر کو بہترین آغاز دلایا۔ اس سویٹر کی نقل بہت سے ڈیزائنزز نے بنائی۔
ان کی شادی کے فوراً بعد بکنگھم پیلس نے وارم اینڈ ونڈرفل کو لکھا کہ سویٹر خراب ہو گیا ہے لہذا اس کی سلائی کر دیں یا اسے تبدیل کرنے کی کوشش کریں۔ اس کے بعد شہزادی ڈیانا نے سنہ 1983 میں اس کے متبادل کو ایک پولو میچ میں پہنا۔
سوتھبیز نے وارم اینڈ ونڈرفل کو بھیجے گئے خط کے ساتھ ساتھ نیلامی میں متبادل کے لیے شکریہ کا نوٹ بھی شامل کیا۔ سویٹر کے اصلی ہونے کی تصدیق کچھ اس طرح کی گئی کہ اس میں ایک چھوٹا سوراخ موجود تھا۔