پی پی رہنما سید حسن مرتضیٰ کا خواجہ سعد رفیق کے ٹوئٹ پر ردعمل 

پی پی رہنما سید حسن مرتضیٰ کا خواجہ سعد رفیق کے ٹوئٹ پر ردعمل 
کیپشن: PP leader Syed Hasan Murtaza's reaction to Khawaja Saad Rafiq's tweet

ایک نیوز: جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے خواجہ سعد رفیق کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ چابی پر چلنے والا کھلونا نہ بنے سیاسی جماعت بنے۔ 

پی پی رہنما نے اپنے ردعمل میں کہا کہ خواجہ سعد رفیق پی پی کو نہیں لندن بیٹھی قیادت کو مشورہ دیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی طاقت سے اقتدار میں آئی۔ ڈیل کرکے باہر جانے والے شہیدوں کی جماعت کو طعنے دیں، خدا کی قدرت ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اگر بینظیر شہید اور صدر زرداری سہارا نہ دیتے تو ن لیگ تو ختم ہو چکی تھی۔ اپنی فطرت کے مطابق ن لیگ اب اپنی محسن جماعت کو ڈس رہی ہے، ہلکے سے دباؤ پر کئی کئی سال سیاست سے توبہ کرنے والے ہمیں سیاست نے سکھائیں۔

حسن مرتضی نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق بہکی بہکی باتیں چھوڑیں حقائق کا سامنا کریں۔ ن لیگ سندھ میں ایک بار پھر اپنا شوق پورا کر کے دیکھ لے۔ پہلے بھی مسترد شدہ ٹولے کے اتحاد میں ن لیگ رسوا ہی ہوئی تھی۔ اب بھی یہ سب زیرو پلس زیرو پلس زیرو ہیں۔ 

پی پی رہنما نے کہا کہ جیالے اب پنجاب میں ن لیگ کی دوڑیں لگوائیں گے، تحریک انصاف اور ن لیگ ایک سکے کے دو رخ ہیں، نئے لاڈلے کہ جگہ پرانے لاڈلے نے لے لی، پی پی پی نے پرانے لاڈلے کا مقابلہ کیا نئے کو گھر بھیجا۔