نواز شریف خوش آمدید، مایوسی کے اندھیرو الوداع، مریم نواز کا پیغام آگیا

نواز شریف خوش آمدید، مایوسی کے اندھیرو الوداع، مریم نواز کا پیغام آگیا
کیپشن: Welcome to Nawaz Sharif, farewell to the darkness of despair, Maryam Nawaz's message has arrived

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے خیبرپختونخوا میں پارٹی ونگز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ دوران خطاب ان کا کہنا تھا کہ "نواز شریف خوش آمدید، مایوسی کے اندھیرو الوداع"،"معمار پاکستان ویلکم بیک، سازشیو "گڈ بائے"،

مریم نواز شریف کے خطاب پر کارکنوں نے زبردست نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس نہیں آرہا، پاکستان کی خوشحالی کا دور واپس آ رہا ہے۔ نواز شریف کو "مائنس" کرنے والے خود "مائنس" ہو چکے ہیں۔ نواز شریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہوگئی۔ نواز شریف کا پیغام پاکستان کی ترقی، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے۔ 

انہوں ںے کہا کہ نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے، الحمدللہ نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی اُنہیں سزا ملی 2016 میں عوام سے ترقی ، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی۔ نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی۔ سازشی نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہو، عوام مہنگائی کی غلامی سے آزاد ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر اعلان ہے کہ عوام کی تکلیف کے دِن ختم ہونے والے ہیں۔ غریبوں کے دُکھ درد کا احساس کرنے والا نوازشریف واپس آرہا ہے۔ نوازشریف وہ ہے جس کے دور میں پانچ سال آٹے، گھی، چینی کی قیمت نہ بدلی۔ نوازشریف وہ ہے جس کے دور میں 47 سال میں مہنگائی کم ترین سطح پر آئی تھی۔ نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کی معاشی ترقی 6.1 فیصد پر پہنچائی تھی۔ نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کا واحد آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ 

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے 2017 میں آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا۔ نوازشریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان آج بحرانوں کا شکار نہ ہوتا۔ آج بجلی گیس پٹرول مہنگے نہ کرنے پڑتے۔ وعدہ ہے کہ خیبرپختونخوا کی محرومیوں کو دور کرکے ترقی کا تاریخی سفر شروع کریں گے۔ دہشت گردی کے علاوہ معاشی دہشت گردی سے بھی قوم کو نجات دلانی ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختون خوا کے عہدیداروں اور کارکنوں نے نوازشریف کی واپسی کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ اس کے علاوہ قائد کے تاریخی استقبال کے عزم کا پختہ اظہار کیا گیا۔ 

دوران اجلاس پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں نے نوازشریف کے حق میں بھرپور جذباتی تقاریر کیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی واپسی دہشت گردی، معاشی بدحالی اور مہنگائی کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ نوازشریف، پاکستان کی عوام کے محسن ہیں ، اپنے قائد  کو خوش آمدید کہنا ہمارا فرض ہے۔ 

شرکاء نے نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا، نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی اُنہیں سزا ملی، سیاسی انتقام کی آگ کے دریا عبور کرکے نوازشریف اپنے لوگوں میں واپس آرہے ہیں۔ 

شرکاء نے کہا کہ 2016 میں عوام سے ترقی، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی۔ نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی، نوازشریف کے خلاف سازش پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش تھی، نوازشریف کی واپسی مہنگائی میں کمی اور معاشی ترقی کے سنہری دور کی دوبارہ واپسی کا آغازبنے گی، دس سال کٹھ پتلی کی خیبرپختونخوا میں مسلط حکومت نے صرف لوٹ مار کی،نوازشریف نے خیبرپختونخوا کو تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے دیے۔ 

شرکاء کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتا ہے، نوازشریف نے وفاق پاکستان کو مضبوط کیا، عوام کو بلاامتیاز ترقی کے سفر میں شامل کیا، 2013 سے 2018 میں نوازشریف نے پاکستان کو معاشی طور پر پیروں پر کھڑا کردیا تھا۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اُن کرداروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے جن کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کو پہنچا، مہنگائی آج اس انتہاپر ہے، آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے ذمہ دار وہ ہیں جنہوں نے نوازشریف کو اقتدار سے الگ کیا، نوازشریف پاکستان اور قوم کی بہتری کے لئے واپس آرہے ہیں۔

شرکاء نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواہ کا ورکر نوازشریف کی طاقت بن کر دکھائے گا۔