نواز شریف کی وطن واپسی، مریم نواز پیر کو لندن روانہ ہوں گی

نواز شریف کی وطن واپسی، مریم نواز پیر کو لندن روانہ ہوں گی
کیپشن: Nawaz Sharif's homecoming, Maryam Nawaz will leave for London on Monday

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز پیر کو لندن کیلئے روان ہوں گی۔ مریم نواز لندن میں اپنے والد نواز شریف سے اہم ملاقات میں واپسی کا پلان فائنل کریں گی۔ 

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں مریم نواز پارٹی قائد نواز شریف کو ان کے استقبالیہ پلان کے حوالے سےبریفنگ دیں گی جبکہ پارٹی کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کو لندن سے ایک ساتھ واپس وطن پہنچنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

پارٹی کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ نواز شریف 2018 کی طرح مریم نواز کا ہاتھ پکڑ کر طیارے سے باہر نکلیں تو عوام کا جوش و جذبہ دیدنی ہو گا، تاہم نواز شریف اور مریم نواز کی ایک ساتھ وطن واپسی کا حتمی فیصلہ نواز شریف خود کریں گے۔ 

دریں اثناء نیب ترامیم کیخلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ آتے ہی مریم نواز اسلام آباد پہنچی تھیں۔ جہاں اب انہوں نے نواز شریف کی واپسی اور استقبال کے لیے مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں گی۔ 

مریم نواز شریف آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی مرکزی اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات اور مشاورت کریں گی۔ قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں گزشتہ روز لاہور میں سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا تھا۔ 

مریم نواز شریف اسلام آباد، راولپنڈی ریجن کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس کی صدارت کریں گی۔ اس کے علاوہ وہ اسلام آباد، راولپنڈی ریجن کے مرکزی عہدے داروں سے ملاقات بھی کریں گی۔