ایک نیوز : چودھری پرویزالہٰی کو اینٹی کرپشن نےاڈیالہ جیل سے دوبارہ حراست میں لے لیا ۔ ڈیوٹی جج نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔
دہشتگردی کے مقدمے میں اڈیالہ جیل میں قید چوہدری پرویز الٰہی کو رہائی سے پہلے ہی اینٹی کرپشن پنجاب نے گرفتار کرلیا۔
گرفتاری کے بعد چوہدری پرویز الہی کو جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا جہاں انہیں ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں پیش کیا گیا اور لاہور منتقلی کیلئے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔ اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کو سیل کردیا گیا اور میڈیا نمائندگان کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے پرویز الٰہی کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ان کا میڈیکل کرانے اور کل تک لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جس کے بعد اینٹی کرپشن پنجاب کے اہلکار چوہدری پرویز الہی کو جوڈیشل کمپلیکس سے لے کر لاہور روانہ ہوگئے۔
یادرہےگزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں چوہدری پرویز الٰہی کی بیس ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔ مچلکے جمع نہ ہونے کے باعث چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کی روبکار جاری نہیں کی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے پرویز الٰہی کو ڈیالہ جیل میں سے ہی حراست میں لے لیا تھا۔