پیٹرول بم کے بعد ٹرانسپورٹرز کا بھی کرایوں میں اضافے کا اعلان، عوام کی دہائی

Sep 16, 2023 | 12:04 PM

ایک نیوز: نگران وفاقی حکومت کی جانب سے عوام پر 26 روپے کا بڑا پیٹرول بم گرائے جانے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ مہنگائی میں پسے غریب عوام کی دہائی کسی کام نہیں آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافے کا بم بھی گرا دیا۔ پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے کرایوں میں اضافے کے اعلان کے بعد کرایوں میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ لاہور سے دوسرے شہریوں کے کرایوں میں تین سو سے چار سو روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔  لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1050 سے بڑھا کر 1180 روپے کردیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ 66 سو سے بڑھ کر 7000 روپے کر دیا گیا ہے۔ 

راولپنڈی کا کرایہ دو ہزار روپے سے 22 سو، پشاور کا 25 سو سے 2750 روپے ہو گیا ہے۔ کوئٹہ کا کرایہ 44 سو سے بڑھ کر 4650 روپے ہوگیا ہے۔ مری کا کرایہ 24 سو سے بڑھ کر 2650 روپے ہو گیا ہے۔ 

مسافروں نے دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں اضافے نے غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ پہلے پبلک ٹرانسپورٹ پر غریب آدمی غمی خوشی پر چلا جاتا تھا۔ اب پبلک ٹرانسپورٹ کا سفر بھی غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو گیا۔

ٹرانسپورٹرز ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گاڑیوں کے دیگر سپئیر پارٹس بھی مہنگے ہو جاتے ہیں۔ کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے ورنہ گاڑیاں بند کرنی پڑ جائیں گی۔

مزیدخبریں