چہلم امام حسینؓ پر ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی منظوری

چہلم امام حسینؓ پر ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی منظوری
کیپشن: چہلم امام حسینؓ پر ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی منظوری

ایک نیوز نیوز: وفاقی حکومت نے چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے لئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ کی سمری پر وفاقی حکومت سے منظوری سے فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کیلیے پاک فوج کی خدمات کی منظوری دی۔ سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔

 

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر پاک فوج، سول حکومت کی مدد کیلئے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی، پاک فوج کے ساتھ رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز کی بھی سکیورٹی خدمات سرانجام دینگی، پاک فوج کے جوان پہلے ہی سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں پر مامور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج سیلاب ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ چہلم کی سیکیورٹی کیلیے بھی اپنی خدمات دیں گے۔ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام فورسز کا استعمال کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ میں قائم سینٹرل کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اور سکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کیا جائے گا۔ چہلم کے جلوس، راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے چہلم کے موقع پر ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں کو محفوظ اور سہل بنانے کے لیے ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کردیا گیا ہے۔