پنجاب: پیپلزپارٹی کے صدر نجی بینک کے نادہندہ نکلے

Sep 16, 2022 | 15:44 PM

ایک نیوز نیوز: پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کا صدر عزیز الرحمن چن نجی بنک کا نادہندہ نکلا۔ بینکنگ عدالت نے ڈیفالٹر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر کی بنک قرض ریکوری کیخلاف درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالت نے جے ایس بنک کو عزیزالرحمن چن کی جائیدادیں عدالتی کارروائی کے بغیر نیلام کرنے کی اجازت دے دی۔

بتایا گیا ہے کہ عدالت نے فنانشل انسٹیٹیوشن آرڈیننس کی دفعہ 15 کے تحت جائیدادیں نیلام کرنے کا حکم دیا۔ بینکنگ عدالت نمبر ایک کے جج نے عزیز الرحمن چن سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عزیزالرحمان چن کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جے ایس بنک سے تین مختلف کمپنیوں کے نام سے قرض لیا تھا جو واپس کر دیا۔ بنک نے رہن رکھوائی گئی جائیدادیں بلاجواز نیلام کرنے کی کارروائی شروع کی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ بنک کو فنانشل انسٹیٹیوشن آرڈیننس کی دفعہ 15 کے تحت جائیدادیں نیلام کرنے سے روکا جائے۔ بنک کے وکیل نے بتایا کہ عزیز الرحمن چن، جلیل الرحمن سمیت دیگر کو بنک کی رقم ادا نہ کرنے پر ڈیفالٹر قرار دیا گیا۔ ڈیفالٹرز کی بنک سٹیٹمنٹس اور ادائیگیوں کا ریکارڈ بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہے۔ ڈیفالٹرز نے بنک کے کروڑوں روپے ادا کرنے ہیں، حقائق چھپا کر عزیز الرحمن چن نے حکم امتناعی لیا۔

عدالت سے استدعا ہے کہ جائیدادیں نیلام کرنے پر جاری حکم امتناعی خارج اور بنک کیخلاف دعوی مسترد کیا جائے۔

مزیدخبریں