ایک نیوز نیوز: چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی 14 دن کی چھٹی کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ سنبل کو چیف سیکرٹری پنجاب کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ کامران علی افضل کی عدم موجودگی میں عبد اللہ سنبل چیف سیکرٹری پنجاب کے فرائض سر انجام دیں گے۔ کامران علی افضل کی 17 ستمبر سے 30 ستمبر تک چھٹیوں کی درخواست منظور کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل 2 دفعہ موجودہ حکومت کےساتھ کام کرنےسے انکار کرچکے ہیں۔
جس پر ان کا کہنا ہے کہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کے ساتھ کام کرنے سے قاصر ہوں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے وفاقی اسٹیبلشمنٹ کو خط لکھا تھا جس میں ان کی خدمات واپس لینے کی درخواست کی گئی تھی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل نے عملی طور پر بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ پنجاب کابینہ کے اجلاس اور وزرا کی حلف برداری کی تقریب میں بھی حاضر نہیں ہوئے تھے۔
وفاق نےچیف سیکرٹری کامران علی افضل کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کا موقف ہے کہ ان کا پرویز الہی اور مونس الٰہی سے اچھا ورکنگ ریلیشن ہے۔ بطور چیف سیکرٹری مجھے بہت عزت دی گئی تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ پچھلی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے بعد اب انہیں اس ٹیم کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہیے ۔