آسٹریلیا کیخلاف اہم میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے 2 کھلاڑی مکمل فٹ

بھارت سے شکست، قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان
کیپشن: بھارت سے شکست، قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان

 ایک نیوز :ورلڈ کپ کے اپنے آخری میچ میں بھارت کیخلاف شرمناک شکست کے بعد آسٹریلیا کیخلاف پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان ہے۔

بھارت نے روہت شرما کے دلکش 63 گیندوں پر 86 رنز اور بولرز کی شاندار کارکردگی نے ہفتہ کو احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 12ویں میچ میں روایتی حریف پاکستان کیخلاف 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان ٹیم روایتی حریف کیخلاف 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، بھارتی ٹیم نے 192 رنز کا ہدف 117 گیندوں قبل 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی عبور کرلیا تھا، شریاس ائیر 53 نے رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی بھارت کیخلاف بولنگ بھی زیادہ متاثر کن نہیں رہیں، صرف شاہین شاہ آفریدی 36 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے کامیاب بولر رہے، حسن علی 34 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرسکے، محمد نواز 47، حارث رؤف 43 اور شاداب خان 31 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف اپنے اگلے میچ کیلئے تبدیلیاں کرنے کیلئے کافی دباؤ ہے۔

آسٹریلیا کیخلاف میچ کیلئے سعود شکیل اور نائب کپتان شاداب خان یا محمد نواز کو ٹیم سے ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے۔

سعود شکیل بھارت کیخلاف میچ میں قابل قدر اننگز کھیلنے میں ناکام رہے جب کہ شاداب خان اور محمد نواز بھی بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں مشکلات کا شکار نظر آئے۔

ذرائع کے مطابق فخر زمان جنہیں بھارت کیخلاف میچ میں ڈراپ کیا گیا تھا، کو آسٹریلیا کیخلاف میچ میں ٹیم میں واپس بلائے جانے کا امکان ہے جبکہ ٹیم میں نائب کپتان شاداب خان یا محمد نواز کی جگہ لیگ آرم اسپنر اسامہ میر کو بھی اگلے میچ میں موقع دیئے جانے کی توقع ہے۔