ایک نیوز: کچے کے علاقے کشمور میں پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں کی گرفتاری کیخلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کشمور نے بتایا کہ آپریشن میں 1000 سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن میں جدید اسلحہ 12.7 اینٹی ایئر کرافٹس گن اور مارٹر گولوں اور راکٹ لانچر کا استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے کچے کے علاقے میں متعدد ڈاکوؤں کے گھروں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ آپریشن بدنام زمانہ ڈاکوؤں خادم بہیو گینگ و دیگر جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لئے کیا جارہا ہے۔ پولیس اور رینجرز فورس نے ڈاکو خادم بہیو کے گھر کا بھی محاصرہ کر لیا ہے۔
ایس ایس پی کشمور کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل خادم بھیو گینگ نے سابقہ ایس ایچ او کشمور گل محمد مہر سمیت 3 اہلکاروں کو اغوا کیا تھا، ڈاکوؤں کے خاتمے اور مکمل امن و امان کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا، کشیدہ حالات پہلے سے بہتر ہو گئے ہیں اور 70 فیصد حالات پر قابو پا لیا گیا ہے۔