ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت میں اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی حاضری تک وقفہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت کے دوران ان کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل سلمان صفدر نے دورانِ سماعت مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، ابھی بھی ہو رہی ہے، مجھے نہیں معلوم اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں ہیں یا نہیں۔
جس پر معاون پراسیکیوٹر روسٹرم پر آ گئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن عدالت میں موجود ہے، اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی اسلام ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔
وکیل سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کو بلا لیں، 2 بجے سماعت رکھ لیتے ہیں، میں انتظار کر لوں گا، آج یا کل اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی سے عدالت میں پیش ہونے کی گارنٹی لیں۔
سماعت کے دوران جج مرید عباس نے ریمارکس دیئے کہ میں نے صرف خاتون جج دھمکی کیس کی وجہ سے آج کے دیگر کیسز ملتوی کر دیے ہیں، کل دوبارہ خاتون جج دھمکی کیس رکھ لیا تو دیگر کیسز کے ساتھ زیادتی ہو گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے شہر میں آیا ہوں، میرے ساتھ زیادتی نہ کریں،انہوں نے بھی لاہور کبھی نہ کبھی آنا ہے،زیادتی جائز نہیں،اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کو کہیں کہ صرف اپنا چہرہ ہی دکھا جائیں۔
وکیل سلمان صفدر کی استدعا پر عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔