ایک نیوز: اسرائیل فلسطین جنگ، یہودی مالک مکان نے چھرے کے وار کرکے 6 سالہ فلسطینی مسلمان بچے کو ہلاک والدہ کو زخمی کردیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مسلمان فلسطینی عرب بچے ودالفیوم پر چھرے کے 26 وار کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست الی نائے میں ایک 71 سالہ سفید فام شخص کوفلسطینی مسلمان بچے ودالفیوم کے قتل کے شبہے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس حملے میں بچے کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں۔
ملزم پر نفرت پر مبنی جرم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ماں بیٹے پر ان کے مذہب اور اسرائیل حماس جنگ کی وجہ سے وار کئے۔
پولیس کے مطابق انہیں امریکی شہر شکاگو کے نواح میں واقع قصبے پلین فیلڈ ٹاؤنزشپ کے ایک گھر میں 32 سالہ خاتون اور ان کا چھ سالہ بچہ ہفتے کی رات زخمی حالت میں ملے۔
ول کاؤنٹی کے شیرف آفس نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بتایا کہ ہسپتال پہنچ کر بچے کی موت کی تصدیق کر دی گئی تھی۔ جب کہ والدہ کو چھری کے کئی واروں سے زخمی کیا گیا ہے لیکن ان کے بچنے کی امید ہے۔ بچے کے پوسٹ مارٹم سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس پر چھرے کے کئی وار کئے گئے۔
شیرف کے بیان کے مطابق تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ ماں بیٹے کو ان کی مذہبی شناخت اور مشرق وسطی میں جاری تنازعے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔
شیرف کے آفس کے مطابق انہیں 911 پر کال موصول ہوئی جس میں ان خاتون نے انہیں بتایا کہ ان کے مالک مکان نے ان پر چھری سے حملہ کیا ہے۔ خاتون نے بتایا کہ وہ بھاگ کر باتھ روم میں چلی گئیں اور حملہ آور کا مقابلہ کرتی رہی ہیں۔
امریکہ کی مسلم سول لبرٹیز آرگنائزیشن نے اس جرم کو "ڈراؤنے خواب"سے تعبیر کیا ہے اور بتایا کہ یہ جرم حماس اسرائیل جنگ کے بعد سے شروع ہونے والی نفرت پر مبنی کالز اور ای میلز کا تسلسل ہے۔
دوسری طرف امریکا کے تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے کہا ہے کہ اسرائیل میں حماس کے وحشیانہ حملوں کے بعد سے ایک ہفتے میں یہودی اور مسلم کمیونٹیز کو نشانہ بنانے کے لیے دھمکی آمیز بیانات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر کرس رے نے صحافیوں کو بتایا کہ ایف بی آئی خطرات کو کم کرنے کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آئی اس امکان کو رد نہیں کرتی کہ حماس اور دیگر گروپس مشرق وسطیٰ میں تنازعات کا فائدہ اٹھا کر امریکہ میں حملے کرنے یا حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کا کہہ سکتے ہیں۔
ایف بی آئی کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بیورو کی طرف سے مقرر کردہ قوانین کے تحت ایف بی آئی نے جن دھمکیوں کا جواب دیا ہے ان میں سے زیادہ تر کو قابل اعتبار نہیں سمجھا گیا۔
لیکن اہلکار نے کہا کہ ایف بی آئی اس کے باوجود ان سب دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیتی ہے۔
جمائمہ گولڈ اسمتھ کی واقعے کی مذمت
جمائمہ گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ایک 6 سالہ بچے کابہیمانہ قتل کردیا گیا کیونکہ وہ مسلمان تھا؟
انہوں نے سوال کیا کہ اسرائیل اور غزہ میں ہی نہیں اور کتنے معصوموں کو جان گوانا ہوگی؟