ایک نیوز: 67 ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان پولیس کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ایوب اسٹیڈیم میں جاری سالانہ 67 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان پولیس ٹیم لگاتار کامیابیاں سمیٹنے میں مصروف ہے۔ تیسرے میچ میں پولیس ٹیم نے اسلام آباد کو 01 کے مقابلے میں 04 گول سے شکست دی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے بیان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 12 برس بعد کوارٹرز فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ویڈیو کال کرکے تمام کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
اس کے علاوہ پیٹرن ہاکی ٹیم ڈی آئی جی احسن یونس نے بھی پولیس ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔ ہیڈ کوچ مسعود الرحمان، کوچ شہباز احمد اور کپتان اویس خان سمیت پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ قومی ٹورنامنٹ کے آئندہ میچوں میں بھی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ اور چیف سپورٹس آفیسر، پولیس اتھلیٹس کی ضروریات کا خیال رکھیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 67ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل 23 اکتوبر کی شام کھیلا جائے گا۔