عالمی برادری غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کیلئے راہداری کھولے: نگران وزیر اعظم

عالمی برادری غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کیلئے راہداری کھولے: نگران وزیر اعظم
کیپشن: پاکستان اقوام متحدہ، عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے،نگران وزیراعظم

ایک نیوز: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اورجانی نقصان پر گہری تشویش ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل کا غزہ میں شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا تہذیبی اصولوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو محصور غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کیلئے راہداری کھولنی چاہیے۔

نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ غزہ کی بگڑتی صورتحال پر او آئی سی اور رکن ممالک سے قریبی رابطے میں ہیں، نگران وزیر خارجہ 18 اکتوبر کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انوارالحق کاکڑ نے بتایا ہے کہ نگران وزیرخارجہ غزہ کی تکالیف کم کرنے کیلئے فوری اقدامات پر زور دیں گے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے غزہ میں فوری جنگ بندی اورناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔