ملک بھر کےمختلف علاقوں میں بارش,سردی کی شدت میں اضافہ،پہاڑوں پربرفباری جاری

لاہوراورگردنواح بارش،سردی نےدستک دیدی
کیپشن: Lahore and its surroundings were hit by rain and cold

ایک نیوز:لاہورسمیت پنجاب کےمختلف اضلاع میں بارش سےموسم ٹھنڈاہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق علیٰ الصبح لاہورسمیت پنجاب کےمختلف اضلاع میں بارش سےموسم ٹھنڈاہوگیا۔
رپورٹ کےمطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سےجل تھل ایک ہوگیا، گلبرگ ، جیل روڈ ، لارنس روڈ اور کلمہ چوک بارش ہوئی۔
 مسلم ٹاؤن ، اچھرہ اور وحدت روڈ،اقبال ٹاؤن ،اعوان ٹاؤن اورٹھوکرنیازبیگ میں بھی بادل برسنےسےٹھنڈمیں اضافہ ہوگیا۔
مغلپورہ،دھرمپورہ،ہربنس پورہ،تاجپورہ،تاج باغ اورکینال روڈپر بھی بارش ہوئی۔
اوکاڑہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، بارش کے باعث ٹھنڈک کا احساس شروع ہو گیا،بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ 
بھلوال شہر اور گرد و نواح میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ہونےسے موسم سرد ہوگیا۔
ساہیوال شہر اور گردونواح میں بارش سےموسم خوشگواراورٹھنڈاہوگیا، حالیہ بارش سے موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

بہاولپور، لودھراں، خانیوال، بنوں اور شمالی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا  کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ جیکب آباد اور گردونواح میں ہلکی بارش،موسم سرد ہوگیا۔ ملتان میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم حسین ہوگیا۔

کراچی کا موسم اچانک تبدیل ہوگیا،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔شہر کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے بعد بوندا باندی شروع ہوگئی۔ملیر،کارساز،سپر ہائی وے سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں وایارو  کے قریب تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بلاک ہوگئی، شاہراہ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔